اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 سالہ لڑکی رضوانہ پر غیر انسانی تشدد کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے تشدد سے متاثرہ بچی کے والدین کو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ معاشرہ ایسے ظلم و جبر اور اندھیر نگری کا متحمل نہیں ہوسکتا۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیس حکام کسی بھی دباؤ کی پروا کیے بغیر قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ قانون شکن اور ظالم لوگ کسی رعایت کا حق نہیں رکھتے۔ ہر صورت میں قانون پر عمل کیا جائے۔آفس سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ ملزم کی حیثیت اور شناخت کی پروا نہ کی جائے اور متاثرہ خاندان کو یقینی طورپر انصاف فراہم کیا جائے۔ نگراں وزیر اعلیٰ کو تشدد زدہ بچی کے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تشدد کا شکار بچی رضوانہ کو گزشتہ ایک ہفتے سے لاہور کے جنرل ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت تشویشناک ہے جس کے علاج کیلئے آئندہ 2روز انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔متاثرہ بچی کے والدین کے بیان کے مطابق خدشہ ہے کہ 14 سالہ رضوانہ کو ملازمت کے دوران زہر دیا گیا ہو جس کیلئے میڈیکل ٹیسٹ کیلئے متاثرہ بچی کے نمونے روانہ کردئیے گئے۔