لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کپتان وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی کے مشیر برائے کرکٹ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے 52 سالہ سابق فاسٹ بائولر کو اپنا مشیر مقرر کیا ہے، آسٹریلیا میں رہائش پزیر وقار یونس نے گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی سے تفصیلی ملاقات کی تھی، ماضی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہنے والے وقار یونس نے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔کرکٹ کمنٹیٹر اور قومی ٹیم کے سابق بائولنگ کوچ وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے امور کی نگرانی کریں گے، ان میں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ، قومی سلیکشن کمیٹی، کوچز کے معاملات اورکھیل کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔ محسن نقوی بطور چیئرمین پی سی بی قومی کرکٹ کے انتظامی معاملات پر نظر رکھیں گے۔کرکٹ کے حلقوں نے سادہ طبیعت اور منسکر المزاج وقار یونس کی تعیناتی کو پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔