زمانہ طفلی کے مشاغل

Jul 31, 2024

فاطمہ کا بچپن دوسرے بہن بھائیوں سے انوکھا تھا۔ فاطمہ کے بچپن کے متعلق شیریں جناح بتاتی ہیں’’میں، فاطمہ اور ہمارا بڑا بھائی احمد ایک ساتھ کھیلا کرتے تھے اور دوسری لڑکیوں کے برعکس ہم دونوں بہنوں کو گڑیوں کے کھیل سے زیادہ رغبت نہ تھی۔ ہم لوگ کبھی کبھی تاش کھیلتے تھے اور زیادہ تر احمد بھائی کے ساتھ پرندوں کے شکار پر چلے جاتے تھے لیکن فاطمہ کو کھیلوں سے کوئی دلچسپی نہ تھی۔ وہ ہمارے عظیم بھائی محمد علی کی طرح مطالعے کو سب چیزوں پر ترجیح دیتی تھی۔ فاطمہ کی خوراک بہت کم تھی۔ وہ بلا کی حد تک ضدی ہونے کے باوجود ضد نہیں کرتی تھی۔ طالب علمی کے عہد میں فاطمہ کو دو چیزوں کا بڑا شوق تھا۔ اول چاکلیٹ کھانا، یہ فاطمہ کو اس قدر پسند تھے کہ بعض اوقات دن بھر میں وہ پورا ڈبہ صاف کر جاتی تھیں اور دوسرا سائیکل چلانا، وہ دوپہر کو عموماً سائیکل چلاتی تھیں اور خوش ہوتی تھیں۔ دوسرے بہن بھائیوں کی طرح انہیں بس صاف ستھرا لباس بہت پسند تھا۔ ایسے زیورات پہننا بہت پسند کرتی تھیں جن میں موتی جڑے ہوں۔‘‘
آغا حسین ہمدانی
میری سالگرہ
آج میری سالگرہ تھی۔ میں نے آج محترمہ سے کہا کہ ہم دونوں رات کا کھانا باہر کھائیں گے۔ کئی دفعہ ہم چلے جاتے ہیں لیکن آج انہوں نے جانے کیسے پوچھ لیا۔’’کیوں کوئی خاص بات ہے یا کسی نے مدعو کیا ہے‘‘۔
ایک دم میرے منہ سے نکل گیا’’آج میری سالگرہ ہے‘‘۔ اپنی دلاویز مسکراہٹ کے ساتھ بولیں:’’مجھے کیوں نہیں بتایا۔ آج تم لوگ کھانا گھر میں کھائو گے۔ ہم خود تمہاری سالگرہ منائیں گے‘‘،میں خوشی سے جھوم اٹھی۔
 رات کھانے پر پلائو، فرائی مچھلی، گوشت کا قورمہ، شامی کباب اور سبزی تھی۔ بعد میں حسب معمول پھل اور سویٹ ڈش موجود تھی۔ میز پر بڑی بڑی موم بتیاں روشن تھیں۔ پلیٹیں اور دوسری کراکری بالکل نئی تھی۔ روز ہم جن پلیٹوں میں کھانا کھاتے ہیں وہ پلیٹیں سفید ہیں لیکن آج قرمزی رنگ کی گولڈن حاشیے والی پلیٹیں تھیں اور کریم رنگ کے لمبے گلاس۔
کہنے لگیں: یہ گلاس قائداعظم نے پیرس کی ایک پرانی دکان سے خریدے تھے اور انہیں بہت پسند تھے‘‘۔
میں کتنی خوش قسمت ہوں کہ محترمہ نے کس محبت کے ساتھ میری زندگی کا اہم دن منایا۔ خدا کی مہربانی ہے کہ ان جیسی ہستیوں کے دل میں میرے لیے اتنی محبت ہے۔ گلاس میں پانی پیتے ہوئے مجھے قائداعظم کا خیال آگیا جو اتنے بڑے سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ اتنے نفیس مزاج تھے۔ اس گھر میں ان کے ہاتھوں کی خریدی ہوئی چیزیں ان کے بے پناہ ذوق و شوق کا احساس دلاتی ہیں۔اتنا خوش پوش انسان اتنا بااصول اور پھر ان کی یہ بہن، جن کے ساتھ انہوں نے اپنی زندگی کے اتنے قیمتی سال گزارے، عام لوگوں سے کتنی ہٹ کر ہیں۔ ان کی باتیں سوچ کر انسان کیا کچھ تصور میں نہیں پاتا۔
ثریا کے ایچ خورشید

مزیدخبریں