جموں، سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے پونچھ اور کشتواڑ اضلاع میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن جاری ہے ۔مقبوضہ جموں وکشمیرمیں متعدد مقامات پر قابض حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں ،کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوج نے پونچھ اور کشتواڑ اضلاع میںتلاشی اور محاصروں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ، بھارتی فوج ،پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے پنگئی، سلام پورہ، سنائی، جنگل، سرنکوٹ،بنگر اورپتن سمیت مختلف علاقوں میں گھروں پرچھاپے مارے اور تلاشیاں لیں۔علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے ان کو درپیش مشکلات کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جس سے قابض حکام کے خلاف لوگوں میں بڑھتے ہوئے غم وغصے کا اظہارہوتا ہے۔ لوگوں نے پنشن کے حصول اور معذوری کے حقوق سے لے کر بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات تک رسائی کے لئے اپنی آواز بلند کی۔وقف ملازمین نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور پنشن کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ جموں و کشمیر وقف بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور حکام سے ان کا مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی۔ ملازمین میں سے ایک کی بیٹی خالدہ اختر نے کہا کہ ان کے والد کو برین ہیمرج ہونے کے بعد رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لینے کے باوجود پنشن سے محروم کر دیا گیاہے۔ادھر اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، سرینگر، بڈگام اور کپواڑہ سمیت مختلف اضلاع میں خصوصی افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرے کیے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ اس بات کو یقینی بنائے کہ خصوصی افراد کے معاملات سے نمٹنے کے لئے ان افسران کو تعینات کیا جائے جنہیںان کے مسائل کا ادراک ہو۔ضلع راجوری کے علاقے جواہر نگر کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے راجوری-بدھل روڈ کو بلاک کیااور بجلی اور پانی کی مناسب فراہمی کا مطالبہ کیا جبکہ بھارتی پولیس کے ہاتھوں ایک شہری کے قتل کے خلاف لوگوں نے جموں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 27 سالہ شبم شرما پولیس کے ہاتھوں مار پیٹ کے بعد ہلاک ہو گیا جس کے بعد ضلع کے علاقے بن تلاب میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔ ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو آزادی پسند سرگرمیوں پر کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیاگیاہے۔ ضلع کے علاقے کھوری والی-درہال کے رہائشی محمد اسلم کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پرگرفتارکرکے جیل میں نظربند کیاگیا۔دوسری جانب ضلع ریاسی میں دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان لڑکی اور ایک لڑکا دریائے چناب میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ ضلع کے علاقے سروکوٹ میں ایک 20سالہ لڑکی جمیلہ بانو مویشیوں کے لیے گھاس کاٹتے ہوئے پھسل کر دریائے چناب میں جاگری اور ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ایک اور واقعے میں اسی ضلع کے علاقے ارناس میں 15 سالہ امریک سنگھ دریائے چناب میں اس وقت ڈوب گیا جب وہ نہا رہا تھا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری والدین پر زوردیاہے کہ وہ اپنے بچوں کو درسگاہوں میں داخل کرا کے انہیں مکمل مذہبی اور اخلاقی تعلیم دلوائیں ۔ میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر کے علاقے چندا پورہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں اخلاقی اقدار اور مذہبی اصولوں کے بارے میں مکمل سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں ان اداروں کے اہم کردار پر زور دیا۔