لاہور (خبر نگار+نامہ نگار) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مقدمہ میں مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ اس موقع پر مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کے وکیل نے کہا کہ ان کی مؤکلہ کو بھی ہنی ٹریپ کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، اے ٹی ایم سے پیسے بھی حسن شاہ نے نکلوائے تھے۔ ملزمہ آمنہ عروج نے کہا کہ ان کے گھر کے معاشی حالات ٹھیک نہیں تھے اور حسن شاہ ان کا منہ بولا بھائی بنا ہوا تھا۔ آمنہ عروج کا مزید کہنا تھا کہ حسن شاہ نے ہی ان کی ویڈیو وائرل کی اور انہیں حسن شاہ اور خلیل الرحمان قمر نے بلیک میل کیا۔ اس موقع پر خلیل الرحمان قمر کے وکیل نے کہا کہ ان کا موکل درویش آدمی ہے، جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ درویش آدمی تو صبح چار بجے تہجد پڑھ رہا ہوتا ہے، یہ کیسا درویش آدمی ہے۔ عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج کے جسمانی ریمانڈ میں دو دن کی توسیع کردی ہے۔ دریں اثناء خلیل الرحمان قمر کی مبینہ نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی۔ خلیل الرحمان قمر کی ویڈیو دو حصوں میں لیک کی گئی، ایک حصے میں وہ پرائیویٹ کمرے میں ایک لڑکی کو بالکل پاس بٹھا کر سگریٹ پی رہے ہیں۔ ویڈیو کے دوسرے حصے میں خلیل الرحمان قمر بالکل برہنہ حالت میں خاتون کے ہمراہ موجود ہیں۔ قبل ازیں پولیس نے خلیل الرحمن قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والے گینگ کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا تھا۔ ملزم کو ساتھی رفیق سمیت پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم حسن شاہ ہنی ٹریپ کرنے والے 12 رکنی گروہ کا مرکزی کردار ہے جس کے گروہ میں خواتین بھی شامل ہیں۔ آئی این پی کے مطابق ملزم نے اعتراف کیاکہ خلیل الرحمان قمر سکرپٹ کیلئے نہیں، غلط ارادے سے خاتون کے گھر گئے، خلیل الرحمان قمر نے نازیبا ویڈیوز کی وجہ سے اغوا کا واویلا کیا۔