کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چینی قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کیا۔ سی پیک پاکستان کی معاشی خوشحالی کا سبب ہو گا۔ پاک چائنا مثبت تعلقات بین الاقوامی سطح پر بھی تبدیلی کا باعث ہیں۔ پاک چائنا تعلقات بین الاقوامی سطح پر غیر جانبدارانہ ہیں۔ پاکستان اور چائنا نے مل کر دہشتگردی کیخلاف اقدامات کئے ہیں۔ دہشتگردی کے خاتمے سے ہی پاک چائنا تعلقات پروان چڑھے ہیں۔ سیاسی طور پر دونوں ملکوں میں مکمل ہم آہنگی اور اعتماد ہے۔ یانگ یوڈونگ نے کہا کہ چین پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو مکمل سپورٹ کرتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین کامیاب رہا۔ گوادر میں کچھ سیاسی پارٹیاں احتجاج کر رہی ہیں، ان لوگوں کو وہاں چلنے والے پراجیکٹس کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے۔ دھابیجی اکنامک پورٹ پر کام چل رہا ہے۔ یہاں چلنے والے پراجیکٹس اہمیت کے حامل ہیں۔ اقوام متحدہ نے کشمیر کیلئے بہت سی قراردادیں منظور کی ہیں۔ ان قراردادوں کے ذریعے کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔ ہمارا بھی وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا ہے۔ خنجراب میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت چاہتے ہیں۔