اسلام آباد (خبر نگار+نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے ملاقات میں تنظیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر آصف علی زرداری سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں اور قدرتی آفات کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمانی اداروں، خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پر بھی تبادلہ کیا گیا۔ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کیلئے سندھ میں بیس لاکھ سے زائد مینگرووز لگائے گئے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ کی تجارت سے 27 ملین ڈالر کمائے گئے۔ حکومت سندھ نے 2022ء کے سیلاب کے پیش نظر بیس لاکھ پائیدار مکانات کی تعمیر شروع کر دی۔ سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ سیکرٹری جنرل نے تنظیم کے پاکستان کے ساتھ متحرک تعاون پر بھی روشنی ڈالی اور صدر مملکت نے 2022ء کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان کیلئے پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دولت مشترکہ کے ممبر ممالک میں تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ آمد پر دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ دولت مشترکہ عالمی شراکت داری کے فروغ کا اہم فورم ہے۔ دولت مشترکہ کے رکن ممالک میں پارلیمانی، اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پارلیمنٹ کو مزید فعال بنانے کے لیے بطور سپیکر بہت سے اقدام کیے، قانون سازی میں سپورٹ کے لئے لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل کا قیام عمل میں لائے۔