اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاسکو میں مبینہ گندم سکینڈل کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید سمیت دیگر افسروں کے خلاف مجرمانہ غفلت کی کارروائی اور گندم کا سراغ لگانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے کو پاسکو میں کرپشن کی انکوائریز ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ دستاویز کے مطابق وزیر اعظم انسپکشن کمیشن کو ابتدائی انکوائری میں گمراہ کن معلومات فراہم کی گئی تھیں، گزشتہ 2 سال میں وزیراعظم انسپکشن کمیشن کے ساتھ بیورو کریسی نے تعاون نہیں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2022ء کے سیلاب میں گندم کے ذخائر کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں، 2022ء کے سیلاب میں گندم کی چوری کی انکوائری رپورٹ دو ہفتوں میں پیش کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت غذائی تحفظ اور خزانہ پاسکو کے تمام امور آؤٹ سورس کرنے پر جامع رپورٹ پیش کرے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کابینہ کمیٹی بنا دی۔ کابینہ کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم شہباز شریف خود کریں گے۔ سیکرٹری وزارت اوورسیز کے مطابق کابینہ کمیٹی میں وفاقی وزراء برائے اوورسیز پاکستانی، تعلیم، خارجہ امور جبکہ داخلہ، صحت، صنعت و پیداوار اور تجارت کے وفاقی وزراء بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیئر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوملک بھر میں مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلیفون پر این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کو بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹس ، آزاد کشمیر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے روابط مزید بہتر کرنے اور بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ شاہراہوں اور سڑکوں کو بحال کرنے کے حوالے سے تیز تر اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں علاج معالجے کی تمام تر سہولیات اور امدادی سامان بشمول ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے مون سون بارشوں، سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورجاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم نے بارشوں کی وجہ سے حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا چیئرمین این ڈی ایم اے کو فون: بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ہدایت
Jul 31, 2024