پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد مانسہرہ سے حکومتی رکن منیر حسین نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مانسہرہ سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں سے صورتحال خراب ہے، تمام اداروں کو حکم دیا جائے کہ سیاحوں کو سہولتیں دی جائیں۔ جانی اور مالی نقصان کا معاوضہ دیا جائے، امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔ اسمبلی نے تمباکو پر ٹیکس ریٹ میں اضافہ واپس لینے کیلئے فنانس ترمیمی بل منظور کر لیا۔ بل کے متن کے مطابق صوبائی حکومت نے بجٹ میں تمباکو پر پچاس روپے فی کلو تک ٹیکس عائد کیا تھا۔ ترمیمی فنانس بل میں ورجینیا تمباکو پر عائد ٹیکس 25 روپے فی کلو کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ وائٹ پتا تمباکو پر ٹیکس 30 روپے سے کم کرکے 15 روپے کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ نسوار پر ساڑھے 7 روپے فی کلو ٹیکس کی تجویز دی گئی تھی جو برقرار رکھی گئی ہے ۔
بارش متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کیلئے خیبر پی کے اسمبلی کی قرارداد منظور
Jul 31, 2024