نئی دہلی (اے پی پی + نیٹ نیوز) بھارتی ریاست کیرالہ میں بارش اور سیلاب کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کے باعث پہاڑ سے مٹی کا ایک بڑا تودا دیہات پر گر گیا۔ پورا گائوں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے میں تباہ ہوگیا۔ مٹی کے تودے تلے درجنوں گھر دب گئے۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 63 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ اب بھی ملبے میں 100 کے قریب افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ مٹی کے تودے میں گاڑیاں اور مویشی بھی دب گئے جب کہ دریائے چلیار کے سیلابی ریلے میں بھی بہت سی گاڑیاں اور افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔ سیلابی ریلے کی زد میں آکر ایک پْل بھی ٹوٹ گیا۔ پْل کے ٹوٹ جانے سے متاثرہ علاقوں میں جانے والی ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ عارضی پل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ امدادی کاموں کے لیے فوجی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کر لیے گئے۔ سیکڑوں افراد تاحال متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب چین میں شدید بارشوں سے 4 افراد ہلاک جبکہ3 لاپتہ ہوگئے۔ شنہوا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ چین کے صوبہ ہنان کے ایک پہاڑی حصے میں موسلادھار بارش کے بعد چار افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے اور تین افراد لاپتہ ہیں۔ شہر کے فلڈ کنٹرول اور خشک سالی کے امدادی ہیڈ کوارٹر نے کہا کہ ٹائفون گیمی کے اثر کی وجہ سے جمعہ کے بعد سے زِکسنگ شہر میں ریکارڈ بارش ہوئی ہے، ایک جگہ پر24 گھنٹے کی بارش645 ملی میٹر سے زیادہ ہوئی ہے۔ بارش نے شہر میں 867 گھرانوں کے مکانات کو گرایا یا نقصان پہنچایا اور سڑکوں پر غار کے1,345 واقعات پیش آئے۔
بھارت: بارش، لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، پورا گاؤں ملیا میٹ، 109 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ
Jul 31, 2024