لاہور( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عمران خان کو ہٹلر پارٹ ٹو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ مریم نواز پر فاشسٹ ہونے کا الزام لگانے پر عمران خان کو شرم آنی چاہیے۔ مریم نواز کو والد کے سامنے آپ نے گرفتار کرایا تھا۔ سیاسی مخالفین پر آرٹیکل 6 کے مقدمات بنانے کی فرمائشیں کرنے والے اور جیلوں میں کیمرے لگا کر تکلیفیں دینے والا یہی فاشسٹ لیڈر فتنہ خان تھا۔ مریم نواز نے بشریٰ بی بی یا آپ کی چاروں بہنوں کو گرفتار نہیں کرایا۔ روزانہ کی بنیاد پر گرفتاریوں کے باوجود ایک بھی لیگی رہنما نے میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ تحریک انصاف کے انقلابیوں نے ایک ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد اگلے دن لائنیں لگا کے پریس کانفرنسیں کیں۔ جس فوج کے سپہ سالار کو میر جعفر کہتے ہو اور نیوٹرل کو جانور کہتے ہو اس سے مذاکرات کا کہتے ہوئے تمہیں شرم کیوں نہیں آتی؟ پہلے فوجی تنصیبات پر حملے کراتے ہو، شہداء کے مجسمے جلاتے ہو اور پھر معصومیت کا ڈرامہ بھی کرتے ہو۔ نو مئی کی ناکام بغاوت کا حساب بھی دینا ہوگا اور سزا بھی بھگتنا پڑے گی۔