جنوبی لبنان: اسرائیل کا ڈورن حملہ، 2 افراد جاں بحق: نیٹو ترکیہ کی رکنیت ختم کر دے: صیہونی وزیر خارجہ

بیروت‘ تل ابیب‘ غزہ (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے شمالی اوقیانوس کے اتحاد (نیٹو) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اتحاد میں ترکیہ کی رکنیت ختم کر دے۔ اس مطالبے کے بعد انقرہ اور تل ابیب کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ یسرائیل کاٹز نے اپنے سفارت کاروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شمالی اوقیانوس کے اتحاد کے تمام ارکان کے ساتھ فوری رابطہ کر کے ترکیہ کی مذمت پر زور دیں اور اسے اتحاد سے نکالنے کا مطالبہ کریں۔ فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں سے پھیلی تباہی کے باعث جگر کے امراض پھیل رہے ہیں۔ غزہ پٹی میں گندے پانی اور خراب غذا کے باعث ہیپاٹائٹس کے 40 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے ترجمان نے کہا خان یونس سے فلسطینیوں کے جبری انخلاء کے اسرائیلی احکامات سے ان کے مصائب بڑھیں گے۔ یہودیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کیلئے اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ڈرون حملے سے 2 افراد مارے اور 3 زخمی ہو گئے۔ اسرائیل نے الزام حزب اﷲ پر ڈالا تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ مجدل الشمس پر حملے میں ملوث حزب اﷲ کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔ حزب اﷲ کے دوسرے نمبر کے اہم ترین رہنما فواد شکر کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق فواد شکر نے 241 امریکی میرینز کی ہلاکت میں مرکزی کردار ادا کیا۔ امریکہ نے فواد شکر کے قتل پر 50 لاکھ ڈالر رقم رکھی ہے۔ لبنانی ذرائع کے مطابق اسرائیل فواد شکر کو نقصان پہنچانے میں ناکام رہا ہے۔ حزب اﷲ نے اسرائیلی حملے میں اپنے کسی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔

ای پیپر دی نیشن