اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آئی این پی) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کی وزارت داخلہ آمد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کے پی کے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری، سی ٹی ڈی اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا فرنٹ لائن پر ہے۔ خیبر پی کے پولیس‘ ایف سی اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں نے اس جنگ میں شجاعت کی تاریخ اپنے لہو سے لکھی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف جیت کا ہی آپشن ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہا کہ دہشتگردی کی ناسور کا خاتمہ انشاء اللہ قوم کے اتحاد اور اتفاق سے کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے درہ آدم خیل میں گھر میں پانی بھر جانے سے 11 افراد کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بیروزگاری، غربت اور غیر مساوی دولت کی تقسیم سے انسانی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے، ترقی پذیر ممالک کوغیر قانونی انسانی سمگلنگ کا سب سے زیادہ سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی انسانی سمگلنگ کے منظم گینگ سرگرم ہیں، ایف آئی اے ان گینگز کی سرکوبی کیلئے ہمہ وقت چوکس ہے، انسانی سمگلنگ میں ملوث متعدد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا چکا ہے ،انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقوام عالم کو کثیر الجہتی مشترکہ اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلرز لالچ میں ہزاروں لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں، انسانی سمگلرز کے ہاتھوں کئی خاندان اپنے پیاروں سے جدا ہو چکے ہیں، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کو آج اس گھناؤنے جرم کے خلاف اکٹھے کھڑے ہونا ہو گا۔