غلامی رسول ؐ کے باعث قبلہِ عالم لاثانی  ؒ کا نام آج بھی جگمگا رہا ،حسان حسیب الرحمن

 راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)در بارِ عالیہ عید گاہ شریف میں میلاد پاک کی محفل بسلسلہِ یومِ وصالِ شیخ المحدثین والمفسرین خواجہ خواجگان الحاج الحافظ حضرت پیر محمد حبیب الرحمن المعروف قبلہِ عالم لاثانی رحمتہ اللہ علیہ کا انعقاد کیا گیا ،صدارت سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن کی اور محفل کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری تھے۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ قبلہِ عالم لاثانی  ؒنے بے شمار مخلوقِ خدا کی زندگیوں کو حضور نبی رحمت ؐ کی غلامی کے رنگ میں رنگ ڈالا۔ آپؒ جیسی ہستیوںکے متعلق حدیثِ قدسی میں آتا ہے کہ بندہ غلامیِ مصطفیؐ کے ذریعے اللہ تعالیٰ کے ایسے قرب کو پا لیتا ہے کہ وہ ربِ رحمن سے جو مانگتا ہے اسے عطا کر دیا جاتا ہے۔ حضور نبی رحمت ؐ کی سچی غلامی کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج بھی قبلہِ عالم لاثانی  ؒ کا نامِ نامی جگمگا رہا ہے اور آپ ؒ  کا روضہ مبارک مرجعِ خلائق اور دعاؤں کی قبولیت کا مرکز ہے، گورنر سندھ محمد کامران ٹیسوری نے کہا کہ عید گاہ شریف سے ہمیشہ عشقِ رسولِ مقبول ؐ ، مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود اور استحکامِ پاکستان کا خوبصورت پیغام دیا گیا ۔ محفل میں کثیر تعداد میں علماء کرام، نعت خوانانِ عظام ، وابستگانِ عید گاہ شریف، عوام الناس اور خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی،اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات اور آباد کاری کے لیے خصوصی دعا پر ہوا ۔  

ای پیپر دی نیشن