پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار و کامیڈین سردار کمال گزشتہ شب دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق سردار کمال کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکار کی میت گزشتہ رات فیصل آباد پہنچا دی گئی تھی، مرحوم فنکار کے جسدِ خاکی کو الائیڈ اسپتال میں رکھا گیا ہے۔سرداد کمال کے اہل خانہ ناران میں موجود تھے جو آج واپس پہنچیں گے، سردار کمال کا ایک بیٹا بیرون ملک موجود ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار کمال کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار کمال کو منگل کی شب دل کا دورہ پڑا جس کی شدت سے وہ جانبر نہ ہو سکے اور اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ سردار کمال نے سوگواروں میں بیوہ، 2 بیٹوں اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔یاد رہے کہ اداکار سردار کمال کا شمار پاکستان کے مایہ ناز کامیڈینز میں ہوتا تھا۔وہ عرصہ دراز سے نجی ٹی وی کے ساتھ بھی منسلک تھے۔اپنے کریئر کے دوران اداکار سردار کمال نے سیکڑوں تھیٹر ڈراموں میں کام کیا اور مداحوں کو اپنے فن سے خوب محظوظ کیا۔
مریم نواز کا اداکار سردار کمال کے انتقال پر اظہارِ افسوس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اداکار سردار کمال کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے مرحوم اداکار سردار کمال کے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہارِ تعزیت کی اور کہا کہ اداکاری کے شعبہ میں سردارکمال کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔