پاکستان آج تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتا ہے،:دفتر خارجہ

پاکستان نے حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ایرانی دارالحکومت تہران میں قتل کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہمیں ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر کی جانے والی اس غیر ذمہ دارانہ کارروائی سے شدید صدمہ پہنچا ہے جس میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم سمیت متعدد غیر ملکی شخصیات شریک تھیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نےاسماعیل ہانیہ کے اہل خانہ اور فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ماورائے عدالت اور دوسرے ممالک کی سرزمین پر قتل سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی کو گہری تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیل کی تازہ ترین کارروائیاں پہلے سے ہی عدم استحکام سے دوچار خطے میں کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہیں اور امن کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن