لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستانی باہمت قوم ہے جو ہر قسم کے مسائل اور بحران سے نبٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ اساتذہ کرام نئی نسلوں کو دوقومی نظریہ‘ قیام پاکستان کے اسباب و مقاصد اور مشاہیر تحریک پاکستان کے افکاروخیالات سے آگاہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں اساتذہ کرام کےلئے منعقدہ ایک روزہ نظریاتی تربیتی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ورکشاپ کا اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ نے محکمہ تعلیم حکومت پنجاب کے اشتراک سے کیا تھا جس میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ‘ وحدت روڈ‘ لاہور میں زیرتربیت پنجاب بھر سے آئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ ہمیں اپنی زندگیاں اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق ڈھالنی ہیں۔ ہمارے لئے نظریہ پاکستان ایک قابل فخر چیز ہے۔نظریہ پاکستان دراصل اسلامی تشخص کا دوسرا نام ہے۔ اساتذہ کرام طلبہ کے ذہنوں میں تبدیلی لا کر معاشرے میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ وہ علامہ محمد اقبالؒ کا خطبہ الہٰ آباد اور قائداعظمؒ کا مارچ1940ءمیں مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس منعقدہ لاہور میں دئیے گئے خطبے کا بغور مطالعہ کریں۔