میرانشاہ : ڈرون حملے میں مکان تباہ‘ پانچ افراد جاں بحق‘ متعدد زخمی‘ اپراورکزئی : جھڑپ میں 35 شدت پسند ہلاک کئی علاقوں پر فورسز کا کنٹرول

Mar 31, 2012

سفیر یاؤ جنگ
پشاور (نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ بازار میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملہ میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق گزشتہ شب امریکی جاسوس طیارے نے ایک گھر پر چار میزائل داغے۔ حملہ کے بعد علاقے میں چار جاسوس طیارے نچلی پروازیں کرتے رہے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ میزائل حملہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی قومیت معلوم نہیں ہو سکی۔ ادھر اپر اورکزئی میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 2 سکیورٹی اہلکار وکیل احمد، شیر نواز جاں بحق اور 11زخمی ہوگئے جبکہ 35 شدت پسند بھی مارے گئے۔ خادیزئی اور برلاس میں شدت پسندوں نے اچانک سکیورٹی فورسز پر حملہ کر دیا، جس کے بعد 8گھنٹے تک جھڑپ جاری رہیں۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پیشقدمی کرتے ہوئے پہاڑی چوٹی برلاس کا کنٹرول سنبھال لیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے شدت پسندوں کے 13 مورچوں کو مسمار کرکے گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی قبضے میں لے لیا، ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ کے دوران فورسز نے ڈبوری منروری پہاڑی، بادامہ اور سرہ گڑھی پر بھی کنٹرول حاصل کرکے پاکستانی پرچم لہرا دیا۔ کالعدم تحریک طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ میں 20 اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ ادھر مہمند ایجنسی میں پوسٹ تلقی پر قبائل سے فائرنگ سے 2لیوی اہلکاروں سمیت 3افراد زخمی ہو گئے۔ 8افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کرم ایجنسی کے علاقے پٹوار میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 3نوجوان زخمی ہو گئے۔ ایک کی ٹانگ کاٹ دی گئی۔نیویارک (نمائندہ خصوصی) یو این پناہ گزین ایجنسی کے مطابق خیبر ایجنسی سے ایک لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔
اپراورکزئی
مزیدخبریں