لاہور (نامہ نگار) ریس کورس پولیس نے سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ اور ان کے 6ساتھیوں کے خلاف دوست کھوسہ کی سابق بیوی اداکارہ سپنا کے اغواءجبکہ سپنا کے والد، بہن اور دو بھائیوں کے خلاف اغوا، جعلی دستاویزات کی تیاری اور فراڈ کرنے کے الزام میں دو علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق عدالتی احکامات پر سپنا اغوا کیس میں دوست محمد کھوسہ، امجد رانا، شہیر داﺅ بٹ، محمد فہیم، جاوید یاسین، ڈرائیور شاہد داﺅد اور رانا تنویر کے خلاف مقدمہ نمبر 169\\\\12درج کیا گیا جس میں اغوا کی دفعہ 364لگائی گئی ہے۔ مقدمہ کا مدعی سپنا خان کا والد مشعل خان ہے۔ دوست کھوسہ کی درخواست پر سپنا خان کے والد مشعل خان، بہن حنا خان بھائی امین خان اور فیصل خان کے خلاف مقدمہ نمبر 168/2درج کیا گیا۔ جس میں فراڈ، جعلی دستاویزات کی تیاری اور اغوا کی دفعات 471/365، 420/468لگائی گئی ہیں۔ پولیس نے تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور عامر ملک نے کہا ہے کہ دونوں مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی اور تمام فریقین کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔