”ملکی ترقی و خوشحالی کا دارومدار جدید علوم، ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے“

Mar 31, 2013

حافظ آباد (نمائندہ نوا ئے وقت) ڈی سی او فرح مسعود نے کہا ہے کہ ڈی پی ایس اپنی تعلیمی ، ہم نصابی اور دیگر تخلیقی و تدریسی سرگرمیوں کے لحاظ سے ضلع بھر میں ممتاز حیثیت کا حامل ایک ایسا تعلیمی ادارہ بن چکا ہے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی، خوشحالی اور سالمیت کا دار و مدار جدید علوم اور ٹیکنالوجی کے حصول پر ہے اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو مروجہ تعلیم فراہم کر کے انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی پی ایس کے سولہویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی او کوارڈ نعمان حفیظ، سکول پرنسپل کرنل (ر) علی احمد اعوان، اراکین بورڈ آف گورنررز، معززین، والدین، اساتذہ اور طلباءو طالبات نے تقریب میں شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ تعلیمی اور ہم نصابی کارکردگی کے لحاظ سے ڈی پی ایس کسی بھی بہترین تعلیمی ادارے کے ہم پلہ ہے اور ضلع بھر میں یہ ادارہ جہالت کے خاتمے کے حوالہ سے شاندار کردار ادا کر رہا ہے ۔ سکول کے پرنسپل نے سالانہ کارکردگی رپورٹ میں بتایا کہ میٹرک، مڈل اور پنجم کے امتحانات میں سکول کی کارکردگی مثالی رہی جبکہ ادبی اور کھیلوں کے شعبہ میں بھی طلباءو طالبات نے ڈویژن اور صوبائی سطح کے مقابلوں میں سکول کا نام روشن کیا۔

مزیدخبریں