لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے زیر اہتمام ہونیوالے مڈل اور پرائمری امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم پی آئی ٹی کی ویب سائٹ پر مکمل نہ کھلنے سے طلبا کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے پرائمری امتحان میں پنجاب بھر سے 14 لاکھ 74 ہزار 163 بچوں نے حصہ لیا جن میں سے 54.06 بچے پاسنگ نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ متعین کردہ پالیسی کے مطابق 93.66 فیصد بچوں کو پرموٹ کر دیا گیا ہے، پنجاب بھر میں مڈل کے امتحانات میں 11 لاکھ 20 ہزار 261 بچوں نے شرکت کی جس میں 68.40 بچے پاسنگ نمبر لینے میں کامیاب رہے جبکہ 84.16 فیصد بچوں کو اگلی کلاس میں پرموٹ کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے پرائمری جماعت میں ایک لاکھ 14 ہزار 579 بچوں نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 43.50 پاسنگ نمبر لینے میں کامیاب ہوئے 92.47 فیصد بچوں کو پرموٹ کر دیا گیا ہے مڈل امتحانات میں 99 ہزار 871 طالبعلموں نے شرکت کی۔ 63 فیصد طالبعلم پاسنگ نمبر لینے میں کامیاب ہو گئے 81 فیصد بچوں کو پرموٹ کر دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کے سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے 73461 طلبا و طالبات نے جماعت پنجم کا امتحان دیا جن میں 67481 طلبا و طالبات پاس ہوئے۔جماعت ہشتم کے 54692 طلبا و طالبات میں سے 51151 طلبا و طالبات پاس ہوئے جن کی کامیابی کا تناسب 69.26 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلبا و طالبات میں جماعت پنجم کے امین الاسلام ہائی سکول گکھڑ کے امیر حمزہ نے 586 نمبر لے کر اول‘ اختشام پبلک سکول وزیرآباد کی مریم نثار نے 585 نمبر لے کر دوئم جبکہ امین الاسلام ہائی سکول گکھڑ کی تہذیب الحسن نے 584 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح جماعت ہشتم کے گورنمنٹ ہائی سکول دھلے کے ذیشان احمد نے 776 نمبر لے کر پہلی‘ فیوچر ویژن ہائی سکول شاہین آباد کے ولید احمد نے 771 نمبر لے کر دوسری اور سلطان پبلک ہائی سکول گھگا میتر کی آنسہ بشارت نے 769 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پنجم اور ہشتم کے امتحان میں پوزیشن لینے والے طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریب کل یکم اپریل کو ضلع کونسل ہال میں منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی ڈی سی او گوجرانوالہ نجم احمد شاہ ہونگے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مڈل کے امتحان میں گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 2 مدینہ کالونی کے مڈل کے محمد عدنان ناصر کے 800 میں سے 725 نمبر لیکر ضلع بھر میں فرسٹ، ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے معیز ثاقب نے 721 نمبر لیکر سیکنڈ اور صوفی فاﺅنڈیشن کی سارہ اعظم نے 720 نمبر لیکر تھرڈ پوزیشن حاصل کی۔ پنجم کے امتحان میں پرائمری سکول مولو چک کے ولید حسن ایم سی گرلز پرائمری سکول نمبر 4 حافظ آباد کی انعم اور پرائیویٹ اُمیدوار ربیعہ فیاض نے 519 نمبر لیکر ضلع بھر میں فرسٹ پوزیشن حاصل کیں جبکہ مڈھوراں کلاس ممتاز اکیڈمی کے محمد رضوان نے 515 نمبر لیکر ضلع میں سیکنڈ اور ڈسٹرکٹ پبلک سکول کے سیّد اسعد اللہ بخاری نے 513 نمبر لیکر تھرڈ پوزیشن حاصل کی۔ مڈل سٹینڈرڈ کے امتحان میں ضلع بھر سے 12946 اُمیدواروں نے جبکہ پنجم کے امتحان میں 19223 اُمیدواروں نے شرکت کی۔
نتائج اعلان