گھوٹکی (ثناءنیوز) گھوٹکی میں پٹرول چھڑک کر نوجوان کو زندہ جلایا گیا۔ پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں درندہ صفت ملزمان نے خاتون کو اغواءکے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا، بعد میں مقدمے کی پیروی سے نہ رکنے پر خاتون کے بھانجے کو اغواءکے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، 80 فیصد جھلسنے والا نوجوان جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ خانپور مہر میں پیش آیا جہاں چند روز پہلے سنیل عرف بکڑ اورکرشن نامی 2 ملزمان نے ایک خاتون کو اغواءاور زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ خان پور مہر میں چل رہا تھا، اس دوران ملزمان زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون کے گھر والوں کو مقدمے کی پیروی سے روکنے کیلئے دباﺅ ڈالنے رہے تاہم مقدمہ واپس نہ لینے پر ملزمان نے ہفتہ کی صبح خاتون کے بھانجے گیان چند کو اغواءکیا اور گبول کے علاقے میں لے جا کر پٹرول چھڑک کر آگ لگ دی، آگ لگنے سے گیان چند کے جسم کا 80 فیصد حصہ جل گیا جسے علاج کیلئے سکھر منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔گھوٹکی میں بااثر افراد کی طرف سے ہندو نوجوان کو زندہ جلانے کی خبر پر صدر آصف علی زرداری نے نوٹس لے لیا۔ صدر نے حکام کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ صدر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔