آج مینار پاکستان پر اسلام زندہ باد کانفرنس ہو گی، جے یو آئی ف کی موٹر سائیکل ریلی

Mar 31, 2013

لاہور (سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سائے تلے سیاسی جلسہ ہوگا۔ اسلام سیاست کے بغیر نہیں، سیاست انصاف کے ساتھ چلنے کا نام ہے، جمعیت علمائے اسلام ہی ملک میں وہ جماعت ہے جو اسلام کے عین مطابق سیاست کرتی ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکے گی اور مخلوط حکومت عمل میں آئےگی‘ پنجاب کے علاوہ باقی تین صوبوںمیں پوزیشن مضبوط ہے‘ بڑے جلسے کر کے الیکشن جیتنے کا دعویٰ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں سکیورٹی خدشات ہیں اور سیاسی قیادت اپنے حلقوں میں جانے سے گریزاں ہے لیکن حالات جیسے بھی انشا اللہ انتخابات ہو جائیں گے۔ مسرت شاہین کے کاغذات نامزدگی کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہر کوئی رنگ بھرنے کے لئے آجاتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) مشرف کو اب آرام کرنا چاہئے اس عمر میں ان سے سیاست نہیں ہو گی۔ فضل الرحمن نے کہا کہ ایم ایم اے بحال کرنے کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہوئی۔ جماعت اسلامی اور ن لیگ کے ساتھ اتحاد کی بات آگے نہیں بڑھ سکی، ملک میں اسلامی نظام آ کر رہے گا۔ کانفرنس کا مقصد سیاسی قوت کا مظاہرہ کر کے مسلم لیگ (ن) پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے دباﺅ بڑھانا نہیں۔ دریں اثناءکانفرنس کے سلسلے میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان مولانا امجد خان کی قیادت میں ہفتہ کو ایبٹ روڈ سے مینار پاکستان تک اسلام زندہ باد موٹرسائیکل ریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جے یو آئی کے رہنماﺅں مو لا نا رشید احمد لدھیانوی، مولانا محمد امجد خان، مو لا نا عتیق الرحمن نے گزشتہ روز کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر قاری ثناءاللہ، حافظ عبد الوھاب مدنی، حاجی احسان الحق، قاری امجد سعید، پروفیسر ابوبکر چوہدری، حافظ اطہر عزیز محمد افضل خان ، جمال عبد الناصر، حا جی محمد قیوم، سیٹھ عبد الوھاب، قاری زبیر احمد، حافظ عبد الوجد، حافظ ذردار توقیر اور دیگر مو جو د تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی یرغمال بنانے والوں کے ہاتھ پاﺅں پھول چکے ہیں۔ پنجاب اور دیگر صوبوں سے قافلے کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ پی ایچ اے نے جے یو آئی (ف) کے جلسے کے باعث پودوں، پھولوں اور جنگلوں کو نقصان پہنچنے کے پیش نظر پانچ لاکھ روپے کا پیشگی چیک وصول کر لیا ہے۔

مزیدخبریں