ممبئی حملہ کیس، عدالت نے استغاثہ کے 6 گواہوں کو طلب کر لیا

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) انسداد دہشتگردی عدالت میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی نوعیت کا کیس ہے لیکن پھر بھی تاخیر کا شکار ہے۔ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ممبئی حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار نے عدالت کو بتایا کہ بھارت نے جوڈیشل کمشن کی روانگی کا شیڈول ابھی جاری نہیں کیا۔ شیڈول آنے تک استغاثہ کے گواہوں کی شہادتیں قلمبند کی جائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 6 گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں پاکستان نے ممبئی حملہ کیس میں بھارت کو دوسرا خط بھیج دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گواہوں پر جرح کی پابندی کا معاہدہ ختم کیا جائے اور اجمل قصاب میں چار گواہوں کے بیانات کی نقول فراہم کی جائیں۔ بھارت کی طرف سے جواب نہ ملنے پر ٹرائل میں تاخیر ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن