ذرائع کے مطابق ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے مسلم لیگ نون کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آج دوپہرطلب کیا جانے والا اجلاس بھی موخرکردیا گیا، ایک اعلامیہ کے مطابق نون لیگ کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کواپنے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت صرف صوبائی دارلحکومت لاہورکی قومی اسمبلی کی تیرہ اورصوبائی اسمبلی کی پچیس نشستوں پرنون لیگ سے انتخاب میں حصہ لینے کے دو سو سے زائد امیدواروں نے پارٹی ٹکٹس کیلئے درخواست دے رکھی ہے۔ ادھرنون لیگ کے سربراہ میاں نوازشریف کے حلقہ این اے ایک سو بیس سے کاغذات نامزدگی سابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کے صاحبزادے میاں حمزہ شہباز آج جمع کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق نون لیگ کی جانب سے ابھی تک صرف سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کو حلقہ این اے ایک سوانتیس، انکے صاحبزادے میاں حمزہ شہبازشریف کو این اے ایک سو انیس، خواجہ سعد رفیق کو این اے ایک سو پچیس جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھرکواین اے ایک سواٹھائیس سے ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نون لیگ کی جانب سے این اے ایک سواٹھارہ، ایک سواکیس، ایک سوتئیس، ایک سوچھبیس، ایک سوستائیس اورایک سوتیس پرسابق ارکان قومی اسمبلی کے تبدیل ہونے کے واضح امکانات ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ میاں نوازشریف آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کریں گے۔
قومی وصوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کی کثرت کے باعث نون لیگ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے آخری روز بھی پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ نہیں کرپائی۔
Mar 31, 2013 | 15:23