اسلام آباد (آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات میں لیوی کی مد میں ایک کھرب50ارب روپے سے زائد رقم اکٹھی کی ہے۔ موصولہ دستاویزات کے مطابق ایف بی آر پٹرولیم لیوی اس طریقے سے وصول کرتا ہے جس طرح وہ دیگر ڈیوٹیز وصول کرتا ہے ۔پٹرولیم لیوی کے شعبہ میں حاصل ہونیوالی یہ رقم ملازمین کیلئے استعمال نہیں ہوتی بلکہ اسے صرف قومی خزانہ بھرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک موصول رقم میں سے پٹرول لیوی کی مد میں 60.531 ارب روپے،گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مد میں 13.991 ارب روپے ۔گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کی مد میں 28.212 ارب روپے جبکہ رائلٹی کی مد میں 49.906 ارب روپے اکٹھے کئے گئے۔ دستاویزات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر عائد کردہ پٹرولیم لیوی کی پارلیمنٹ کی جانب سے باضابطہ منظوری دی جاتی ہے ۔اس کے تسلسل کی کوئی مخصوص مدت نہیں ہے۔