تہران(این این آئی )ایران نے پاکستان کی جانب سے سرحدی محافظوں کی رہائی کے لیے مشترکہ آپریشن کی پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہرکی ہے کہ ایران کے اغوا شدہ سکیورٹی اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا،اتوارکو ایرانی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے سیکرٹری داخلہ حسین علی امیری نے کہاکہ انتہائی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایران کے اغوا شدہ سکیورٹی اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا،انہوں نے جیش العدل نامی دہشتگرد گروہ کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایران کے، سرحدی سکیورٹی فورس کے پانچ اہلکاروں بارے کہاکہ ان سیکورٹی اہلکاروں کو رہا کرانے کیلئے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی، پولیس فورس، وزارت انٹیلی جنس اور وزارت خارجہ کی جانب سے مسلسل کوششیں جاری ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ ان اہلکاروں کو جلد ہی رہا کرالیا جائیگا۔