راولپنڈی (نیٹ نیوز+ اے پی پی) کسٹمز کی خصوصی عدالت نے ڈالرز سمگلنگ میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج کر دی۔ مقدمے کی سماعت بدھ کو کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کی۔ اس موقع پر جج رانا آفتاب احمد خان نے ماڈل ایان علی کے خلاف کسٹمز کی جانب سے دائر منی لانڈرنگ انکوائری کی درخواست پر گذشتہ ہفتے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کسٹمز کی درخواست خارج کر دی اور کہا کہ 5 لاکھ ڈالر کی رقم ملزمہ کی ملکیت ہے جو غیرقانونی طریقے سے حاصل نہیں کی گئی اس لئے اسے منی لانڈرنگ کے زمرے میں نہیں لایا جا سکتا۔ قبل ازیں گذشتہ سماعت پر کسٹمز کے وکیل عون محمد نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کسی جرم کے ذریعے کمائی گئی رقم منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہے لہذا عدالت ملزمہ ایان علی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کی اجازت دے جس پر فاضل عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے ملزمہ ایان علی کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی درخواست پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
ماڈل ایان علی منی لانڈرنگ کے الزامات سے بری، مقدمہ درج کرنے کی درخواست خارج
Mar 31, 2016