لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی پاکستان میں قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔ دہشت گردی کے کینسر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ معصوم پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکتے۔ شہبازشریف نے یہ بات منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو میں کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرعزم پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ پاک دھرتی کو معصوم لوگوں کے خون سے رنگنے والوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔ پختہ عزم کے ساتھ بدامنی، غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کررہے ہیں۔ انسانیت کے دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے مضبوط ارادوں کو کمزور نہیں کر سکتیں اور امن کے دشمنوں کے مذموم عزائم ہمیں منزل کے حصول سے روک نہیں سکتے۔ عوام کو دکھ اور غم دینے والوں کوکٹہرے میں لایاجائے گا۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے واقعہ سے ہر پاکستانی کا دل خون کے آنسو رورہا ہے۔ امن کے دشمنوں نے پرامن پاکستانیوں پر تفریحی مقام پر حملہ آور ہوکر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ معصوم انسانوں کو نشانہ بنانے والے وحشی درندے ہیں اور ان سفاک قاتلوں سے شہداء کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ نئی نسل کو پرامن، محفوظ اور دہشت گردی سے پاک پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے کینسر کے مکمل خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔ انتہا پسندی، فرقہ واریت اور نفرتوں کو امن،محبت اوراعتدال سے بدلیں گے۔ شکست، ناکامی اور نامرادی دہشت گردوں کا مقدر بن چکی ہے۔ باہمی اتحاد سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔ پاکستان کو امن سلامتی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کا مشن پورا کریں گے۔ جب تک دم میں دم ہے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک سفاک درندوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ پاکستانی قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کر چکی ہے۔ قائدؒ کے پاکستان میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں۔ ملک کو امن اور تحمل و برداشت کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے۔ قائداعظمؒ کے پاکستان میں آگ اور خون کا کھیل روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
پاک دھرتی کو خون سے رنگنے والوں پر زمین تنگ کر دی‘ بدامنی‘ جہالت کیخلاف جنگ کر رہے ہیں: شہباز شریف
Mar 31, 2016