اسلام آباد (صباح نیوز) باسٹھ فیصد پاکستانیوں نے حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اٹھائے۔ اقدامات پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے گزشتہ سال کی نسبت حکومت رواں سال کسی حد تک لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں کامیاب رہی۔گیلپ اینڈ گیلانی کی جانب سے کئے گئے حالیہ سروے کے مطابق ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب مرد و خواتین سے یہ سوال پوچھا گیا گزشتہ سال کی نسبت آپ کے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہوا کمی ہوئی یا کوئی فرق نہیں پڑا؟ جواب میں 62 فیصد افراد نے کہا ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی ہے۔ 18 فیصد جواب دہندگان نے کہا گزشتہ سال کی نسبت اس برس ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 20 فیصد افراد نے کہا کہ ان کے علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا۔گیلپ نے یہ سروے چاروں صوبوں کی دیہی اور شہری آبادی کے 1878 مردوخواتین سے کیا گیلپ کے مطابق اس سروے میں غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر تقریبا 2 سے 3 فیصد لگایا گیا ہے۔