نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ مسائل تب پیدا ہوتے ہیں جب بھارت مسئلہ کشمیر کو نہ مانے۔ بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ بھارت کا کشمیر کو اپنا حصہ ماننے تک بات آگے نہیں بڑھ سکتی۔ بھارت کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دے تو مذاکرات کیسے؟ بھارت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دیکھے۔ بھارت کے مذاکرات نہ کرنے سے منفی طاقتوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار اور بڑا نقصان اٹھایا ہے۔ پاکستان اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ بھارت نے جموں کشمیر کا مسئلہ خود تسلیم کیا جسے حل ہونا ہے حریت رہنماؤں اور کشمیری عوام سے بات کرنا ضروری ہے۔