;”فاسٹ اٹیک کرافٹ“ کی تیاری، بحری آپریشنل صلاحیت بڑھے گی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لیے تیار کی جانے والی چوتھی فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کے تعمیری کام کی بنیاد رکھی جانے کی تقریب گزشتہ روز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل ) ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیر المقاصد بحری جہاز ہے جو اسٹیل اور المونیم کی مدد سے تیار کیا گیا ہے جس میں مقامی طور پر تیار کیے گئے ہتھیار اور سینسرز نصب ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے طے شدہ وقت سے پہلے اس اہم سنگ میل کے حصول کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس جہاز کی اندرون ملک تیار ی خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس جنگی جہاز کی تعمیر سے نہ صرف ڈیزائن اور جہاز سازی کی نئی راہیں استوار ہوں گی بلکہ خود انحصاری کی منزل کی جانب ہمارا سفر مزید آسان اور تیز تر ہو جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ کی ڈیزائن اور جہازی سازی کی صلاحیتیں پوری طرح نکھر کر سامنے آئیں گی۔ پاک ۔چائنا اقتصادی راہداری کی جغرافیائی و دفاعی ، سماجی و معاشی اور بحری پہلوﺅں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو علاقائی اقتصادی مرکز میں تبدیل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھ جائیں گی ۔ لہذا تجارتی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے محفوظ بحری ماحول کے قیام کو یقینی بنانا ہوگا جس کے باعث پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گی۔ فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)کی شمولیت سے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کو ایک متحرک اور ترقی یافتہ بحری دفاعی عنصر بنانے میں پاک بحریہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جہاز سازی کی صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے حکومت کے ساتھ ایک نئے شپ یارڈ کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ قبل ازیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے مینیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اندرون ملک ڈیزائن کیا جانے والا یہ پہلا منصوبہ کراچی شپ یارڈ اورمیری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جس نے ہمیں اس مشکل کام کو سرانجام دینے کے لیے اعتماد فراہم کیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...