قومی صحت کمیٹی نے 3ترمیمی بل منظور کرلیئے، جنک فوڈز پر پابندی کا مطالبہ

Mar 31, 2017

اسلام آباد( خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قومی صحت کی میٹنگ میں انسانوں کی پیوند کاری کے ادارے ( ہوٹا) کا سربراہ لگائے جانے والے ڈاکٹر کی طرف سے امریکہ میں فراڈ کئے جانے کا انکشاف ،ممبر کمیٹی ڈاکٹر رمیش کمار نے انسانی اعضاءکی پیوند کاری کے ادارے( ہوٹا) کےسربراہ کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ سے قبل ہی سوا ل کیا کہ ان کے خلاف امریکہ میں لاکھوں ڈالر فراڈ کئے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں ،جس پر ادارے کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اشتیاق نے تسلیم کیا کہ امریکہ میں ان کے وکیل کی طرف سے غلط کاغذات تیار کئے گئے جس کے باعث ان کو جرمانہ ادا کرنا پڑا ،چیئرمین کمیٹی نے ڈاکٹر رمیش کمار کو خاموش رہنے کا اشارہ کر دیا ۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قومی صحت کی قائمہ کمیٹی میں ممبران کی طرف سے ایچ آئی وی ایڈز ،انسانی اعضا کی پیوند کاری ،اور انسداد تمباکو نوشی کے ترمیمی بل پیش کئے گئے جن کو منظور کر لیا گیا ،انسداد تمباکو نوشی کا ترمیمی بل ممبر ڈاکٹر نکہت شکیل خان نے پیش کیا جس پر بحث کے دوران وزیر مملکت برائے قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ تمباکو نوشی کی پابندی پارلیمنٹ کے اندر نہ ہوسکی تو ملک میں کیا ہو گی سگریٹ نوشی پر پابندی سب سے پہلے پارلیمنٹ کے اندر لگائی جائے ،ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ آپ سگریٹ نوشی پر پابندی کی بات کرتے ہیں سندھ میں لوگ سڑکوں پر شراب پیتے ہیں ،جس پر غازی گلاب جمال نے کہا کہ فکر نہ کریں نسوار پر پابندی نہیںلگائی جارہی ،سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ترمیمی بل میں جن شقوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ پہلے سے موجود ہیں مسئلہ صرف قانون کی عمل داری کا ہے ،ڈاکٹر نکہت نے جو تجاویز دی ہیں ان کو بھی بل کا حصہ بنایا جائے گا۔بل کی شقیں منظور کر لی گئیں،انسانی اعضا کی پیوند کاری کے ترمیمی بل پر بحث کرتے ہوئے سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ میں اجازت دی جائے کہ انسانی اعضاءکی پیوند کاری کے ادارے میں ترمیم کا اختیار دیا جائے تا کہ پیوند کاری ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لیے الگ سے ٹیم تشکیل دی جائے ہوٹا کے ملازمین کو یہ اختیار نہ دیا جائے کہ وہ انسپیکشن کریں ،جس پر تمام ممبران متفق ہو گئے ،دوسری ترمیم کہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر سسٹم کو سنٹر لائز کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ،ڈاکٹر جی جی جمال نے کہا کہ ٹرانسپلانٹ سے جان ہی کیوں نہیں چھڑاتے بچوں کو وٹامن اے کی کمی ہے اس کو پورا کیوں نہیں کیا جاتا فوڈ کا محکمہ کیا کر رہا ہے ،مرغیوں کو مضر صحت سٹیئرایڈ لگایا جاتا ہے اس کو کیوں کنٹرول نہیں کیا جاتا ،جنک فوڈ پر پابندی لگائی جائے اور سافٹ ڈرنگ پر بھی پابندی لگائی جائے ،کوک میں 3.4 پی ایچ ( بلیچ) ہوتا ہے اس پر بھی پابندی لگنی چاہیے ،جس پر کمیٹی کی طرف سے وزارت فوڈ اینڈ سیکورٹی کو مراسلہ لکھا گیا جس میں اشیاءخورد و نوش کو چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

مزیدخبریں