پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول شہرکا مثبت امیج کو اجاگر کرے گا‘ گورنر سندھ

کراچی ( کلچرل رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول شہر کے مثبت امیج کو مزید اجاگر کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا ، فیسٹول میں دنیا بھرسے فلمی صنعت سے وابستہ افراد شرکت کرینگے اور اس سے شہر کی ساز گار فضا پوری دنیا پر آشکار ہوجائے گی ، شہر کے باسیوں با الخصوص فلم سے شغف رکھنے والے افراد کو اس فیسٹول کا بڑی شدت سے انتظار تھا ، شہری ہالی وڈ ، لالی وڈ ، بالی وڈ سمیت دیگر ممالک کی فلمی صنعت سے وابستہ افراد کو اپنے شہر میں دیکھ سکیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائو س میں پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول کے منتظمین کودیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ظہرانہ میں پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول کی سربراہ سلطانہ صدیقی ،اسٹیٹ بنک کے سابق گورنر عشرت حسین ، جاوید جبار،وشال بھردواج اینڈ ریکھا بھرد واج ، بھارگوی دلیپ کمار ، ہرش نارائن ، وینے پاٹھک ، راج مولی اینڈ مسز راج مولی ، نندیتا داس ، انجم راجابلی، سوبھاش کپور،مسٹر اینڈ مسز شوبو، بھرم آنند سنگھ، سبرینہ کیولفی، مارتھا مشعل، مسٹر انیر بن دھار، راج یش چیتوال، جمیل بیگ ، مصباح خالد ، بدر اکرام ، رافع راشدی ، درید قریشی ، ابرار الحسن ،طالب حیدر، لکشمی اور دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لئے شہر میں جاری عالمی سطح کے پروگرامز، سیمینار ، نمائشیں اور کانفرنسز کے ساتھ ساتھ پاکستان انٹر نیشنل فلم فیسٹول اہم ثابت ہوگا ، فیسٹول میں امریکہ ،اٹلی ، جرمنی ،بھارت سمیت دیگر ممالک کی فلمی صنعت سے وابستہ افراد ، ہالی وڈ ، لالی وڈ اور بالی وڈ کے ستاروں کی جھرمٹ سے شہر پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آئے گا ۔ منتظمین مبار ک باد کے مستحق ہیں جن کی کاوشوں سے شہر کو فلمی حلقوں میں زبردست پذیرائی حاصل ہو سکے گی ۔

ای پیپر دی نیشن