اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار+ خبر نگار) الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسروں سے کی جائے گی۔ الیکشن کمشن نے متعلقہ رجسٹرار ہائیکورٹس کو خطوط ارسال کر تے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز ججز ، ایڈیشنل سیشنز ججز، سینئر سول ججز اور سول ججز کی فہرستیں مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمشن نے یہ فیصلہ کیا ہے علاوہ ازیں الیکشن کمشنر، پنجاب شریف اللہ نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستیں26مارچ سے مختلف سرکاری سکولوں اور سرکاری عمارتوں میں قائم ڈسپلے سینٹرز میں آویزاں کر دی گئی ہیں یہ فہرستیں 24اپریل تک آویزاں رہیں گی۔ انتخابی فہرستوں پر کام کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب شریف اللہ نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ 8300موبائیل SMS سروس کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ووٹ کی تفصیلات معلوم کریں اوراندراج، تبدیلی یا درستگی کی صورت میں ڈپسلے سنٹرز پر ووٹرز فارم پر’کر کے جمع کرائیں۔ انتخابی فہرستیں 30اپریل کو منجمد کر دی جائیں گی۔ صوبہ بھرکے 37اضلاع میں ڈسپلے سنٹرز قائم کیے ہیں جہاں وہ بآسانی اپنے ووٹ کا اندراج اور درستگی کر واسکیںگے۔
عدلیہ کی نگرانی میں انتخابات کرانے کے لئے الیکشن کمشن نے جوڈیشل افسروں کی فہرستیں مانگ لیں
Mar 31, 2018