اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ واجد ضیاء سے سوال کیا جانا چاہئے کہ وہ کیوں کچھ پیش نہیں کر پارہے، جے آئی ٹی کے ڈبوں میں کیا ہے؟ واجد ضیاء نیب کے سٹار گواہ ہیں شریف خاندان کے گواہ نہیں، قطری خط ٹرسٹ ڈیڈ، سکریپ کا معاہدہ اہم دستاویزات تھے، جو جے آئی ٹی میں جمع کروائے گئے‘ جو دستاویزات شریف خاندان نے جمع کروائے انہیں ثبوت کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین دن سے واجد ضیاء نے جو بیان قلمبند کروایا وہ کوئی بھی چیز ثابت نہ کرسکے۔ واجد ضیاء کے بیان نے شریف خاندان کے موقف کو تقویت دی ہے۔ دستاویزات کی متعلقہ دفتر سے تصدیق کروانے کی زحمت تک نہیں کی گئی۔ قوم جان چکی ہے کہ یہ کرپشن اور بدعنوانی کا کیس نہیں بلکہ سیاسی مقدمہ ہے واجد ضیاء سخت سکیورٹی حصار میں آتے ہیں لگتا ہے جیسے کوئی اہم چیز لائے ہیں واجد ضیاء سے سوال کیا جانا چاہئے کہ وہ کیوں کچھ پیش نہیں کرپارہے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے حوالے سے چلنے والی مہم پر افسوس ہے۔ ملالہ یوسفزئی نے پاکستان آکر دہشت گردی کو شکست دی۔
واجد ضیاء سے پوچھا جائے وہ کیوں کچھ پیش نہیں کر پا رہے، جے آئی ٹی کے ڈبوں میں کیا ہے؟ مریم اورنگزیب
Mar 31, 2018