جائیکا منصوبوں کے باعث فیصل آباد میں پانی کی دستیابی میں بہتری

Mar 31, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جاپان انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایجنسی کے فیصل آباد میں مکمل کئے جانے والے دو منصوبوں کے باعث گھریلو‘ کمرشل اور زرعی استعمال کے لئے پانی کی دستیابی میں بہتری آئی ہے۔ فیصل آباد میں پانی کا کنکشن تین روز میں مل جاتا ہے۔ نہروں میں پانی آخری حدود میں بھی دستیاب ہو گیا ہے۔ اس سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ آئے روز کاشتکاروں کے مظاہروں کا سلسلہ بھی تھم گیا ہے۔ حکومت نے آبیانہ جمع کرنے کا کام بھی کاشتکاروں کی تنظیموں کے سپرد کر دیا ہے جبکہ نہری پانی قریباً مفت ہی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ’’جائیکا‘‘ اسلام آباد نے جاپانی سفارت خانہ کے تعاون سے فیصل آباد میں واسا اور اریگیشن کے تحت منصوبوں کے معائنہ کے لئے صحافیوں کے لئے ٹور کا انتظام کیا،اس دورے میں صحافیوں کے ساتھ جاپانی سفارتی اہلکار ہونڈا‘ ایڈوائزر ساجد عباسی بھی ہمراہ تھے۔ واسا میں ای ڈی واسا اور محکمہ انہار فیصل آباد کے چیف انجینئر نے ’’جائیکا‘‘ کی مالی مدد سے مکمل منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعدازاں تکمیل شدہ منصوبوں کا دورہ بھی کرایا گیا۔ واسا فیصل آباد کے ایم ڈی فقیر محمد چودھری نے کہا کہ فیصل آباد میں 160 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے جبکہ 110 ملین گیلن پانی دستیاب ہے۔ 50 ملین گیلن پانی کی قلت ہے۔ اس وقت پانی 6 گھنٹے روزانہ فراہم کیا جاتا ہے جو دو‘ دو گھنٹے دن میں تین بار فراہم ہوتا ہے۔

مزیدخبریں