لودھراں(خبر نگار )پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لودھراں میں ہولو گرام ٹیکنالوجی کے زریعہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ 50سالہ قربانیوں پر محیط ہے۔ آج پاکستان کے حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ معاشرے میں بے یقینی اور مایوسی کی فضا قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی کی تنظیم سازی کا آغاز کیا تھا اور آج ان کے بعد دوبارہ ہم ممبر سازی کا آغاز کرچکے ہیں۔ میں اس ممبر سازی مہم میں سب کارکنوں کو شمولیت کی دعوت دیتا ہوں اور خاص طور پرپاکستان کے 63فیصد نوجوانوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ ہماری پارٹی کا حصہ بنیں اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کی امیدوں پر پورا اتروں گا۔پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی ہر طبقہ کی ضروریات کے اصول پر رکھی گئی تھی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ نوجوان پیپلز پارٹی کے ممبر بن کر میرا ساتھ دیں، تاکہ ہم سب مل کر پر امن اور روشن مستقبل کی تعمیر کریں۔تقریب کا اہتمام صوبائی ٹکٹ ہولڈر ملک اللہ ڈتہ المعروف اے ڈی ملک نے کیا۔ تقریب سے صوبائی ٹکٹ ہولڈر اے ڈی ملک، ضلعی سیکرٹری اطلاعات میاں نیاز احمد سومرو، عتیق بھٹہ، مہر وقار حسین، مہر مدنی سیال، ملک شریف، چوہدری منشائ، راﺅ نعیم، مہر عرفان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
بلاول بھٹو