لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ جب روپے کی قدر کم ہوتی ہے تو مہنگائی بڑھتی ہے ، عوام کو کچھ عرصہ مہنگائی کو برداشت کرنا پڑے گا،ملک کے معاشی حالات میں بہت بہتری آچکی ہے،تجارتی خسارے میں کمی کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے توازن میں بھی مثبت تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں،ملک میں کاروباری و تجارتی رجحانات کو فروغ دینے کی غرض سے طویل المدتی پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر (پٹاک) کے زیر اہتمام تجارت کے فروغ کیلئے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں مشیر پٹاک ڈاکٹر حسنین جاوید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر بیلٹ اینڈ روڈ انٹرپرائزز چائنہ یونیورسٹی ڈاکٹر ڈرگانا اوسٹک،ڈائریکٹر جنرل پٹاک انجینئر محمد عرفان ظہیر، سینیٹر ولید اقبال، ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد اسلم، پروریکٹر یو سی پی پروفیسر ناظم الدین، پروفیسر سجاد نصیر سمیت ملکی و غیر ملکی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ عبدالرزاق دائودنے کہا کہ جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو اس وقت ملک کے معاشی حالات بہت خراب تھے جن میں اب بہت بہتری آچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پٹاک کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات لائق تحسین ہیں تاہم اس میں ابھی بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنی مینجمنٹ کو درست نہیں کرینگے تو انہیں ختم کر دیا جائیگا۔ پٹاک کراچی کی کارکردگی متاثر کن ہے اور امید کرتا ہوں کہ باقی شہروں میں بھی قائم ادارے ملک میں صنعتی انقلاب لانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔پاکستان میں کاروباری صلاحیت بڑھ رہی ہے اور اب صرف 22 خاندان ہی کاروبار میں نہیں بلکہ 22 ہزار سے زائد کاروبار میں آچکے ہیں۔ ہمارے اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے چین کو گدھوں کی برآمد پر کئے گئے سوال کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کی بات کا جواب دیا تو ایشو بن جائے گا۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق دائود نے کہا کہ اگر کوئی فرد کاروبار میں نقصان اٹھاتا ہے اور ایک سے زائد مرتبہ کاروبار میں ناکام ہو جاتا ہے توپھر بھی اسے گھبرانانہیں چاہیے بلکہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھنی چاہئے جس کے بعد ایک وقت ایسا آئے گا کہ کامیابی اس کے قدم چومے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر پٹاک ڈاکٹر حسنین جاوید نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد صنعت اور تعلیمی اداروں کے مابین فرق کو مٹانا اور شراکت داروں کو تیار کرنا ہے تاکہ صنعتی، تکنیکی اور کاروباری اداروں کی استعداد کو بڑھایا جاسکے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے عوام کو شراکت دار بنایا۔
معاشی حالات میں بہتری آئی‘ کچھ عرصہ مہنگائی بردارشت کرنا پڑیگی: عبدالرزاق دائود
Mar 31, 2019