راولپنڈی (نوائے وقت نیوز) ملک بھر میں فسادیوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان میں بھمبور کے پہاڑی علاقے میں آپریشن کیا۔ دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کے ٹھکانوںکی خفیہ اطلاعات پر سبی اور کوہلو کے درمیان واقع پہاڑی علاقے بھمبور آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ‘ گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ قبضے میں لئے گئے اسلحہ میں بارود‘ راکٹس‘ بارودی سرنگیں اور مارٹر گولے شامل ہیں۔