کراچی کیلئے 162 ارب کا پیکج‘ وزیراعظم نے لاہور میں ’’جناح ایکسپریس‘‘ ٹرین کا افتتاح کر دیا

Mar 31, 2019

کراچی( نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کے لئے162ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا ہے ذرائع کے مطابق کراچی کے نئے ماسٹر پلان کو2047کا نام دیا گیا ہے، کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی نے کراچی پیکج وزیر اعظم کو پیش کر دیا جس کے بعد وزیر اعظم نے کراچی پیکج کو162ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر میں گرین لائن بس منصوبہ فعال کرنے کے لئے 8ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کے ٹرانسپورٹرز کے لئے نئی ٹرانسپورٹ سکیم متعارف کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سکیم کے تحت ٹرانسپورٹرز بینک سے آسان قرضے حاصل کر سکیں گے، 500ٹرانسپورٹرز کو500نئی بسیں خریدنے کے لئے قرضہ دیا جائے گا۔ قرضے کی مدت 6سال ہو گی اور اس پر سود وفاق ادا کرے گا۔ ذرائع کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کو ہیوی ٹریفک کے لئے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ٹریک کو بہتر بنانے کے لئے 2ارب روپے کے فنڈ جاری کیا جائے گا جب کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لئے دوبارہ جاپانی کمپنی جائیکا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے کراچی کے 6اضلاع میں شمسی توانائی کے 200آر او پلانٹ لگانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 5ایم جی ڈی پانی کا آر او پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا گیا، کورنگی میں پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی فنڈنگ کا فیصلہ ہوا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے کراچی میں پی ٹی آئی اراکین نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ صوبائی اور قومی اسمبلی اراکین فون اٹھانے کے پابند ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو ہدایت دی کہ وہ اراکین کو اکیلے نہ چھوڑیں ۔ تحریک انصاف کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں، مجھے اندازہ ہے، ایک گلی بنوائیں گے دوسری نہیں تو مسائل بڑھیں گے، ہم عوام کے میگا مسئلے حل کروائیں گے۔ کمیٹی بنائی ہے مسئلے حل ہوں گے۔

مزیدخبریں