اٹھارھویں ترمیم ہماری نعشوں سے گزر کر رول بیک ہوگی: پیپلزپارٹی

Mar 31, 2019

لاہور(آئی این پی) پیپلزپارٹی رہنمائوں نے کہاہے کہ مارشل لا اور مشرف کے ظلم ہمیں نہیں روک سکے تو عمران خان کیا ہے،پیپلزپارٹی کے سینئررہنما قمرزمان کائرہ اور چوہدری منظوراحمد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔قمر زمان کائرہ نے کہا اگر اٹھارویں ترمیم نہ ہوتی تو پاکستان پر دن بہت مشکل تھے ۔ہمارا بڑا تلخ ماضی ہے دل پر پتھر رکھ کر ق اور ن لیگ سے الحاق کیا ۔مگر ہم نے الحاق کرکے ملک کو مضبوط کیا،اگر اٹھارہویں ترمیم ورول بیک کرنا چاہتے ہیں تو ہماری لاشوں سے گزر کر جا نا ہوگا۔چوہدری منظوراحمد نے کہا ماضی میں پیپلز پارٹی اس پوزیشن میں تھی کہ ق لیگ کو توڑ دیتے مگر ہم نے ق لیگ نہیں توڑی ، کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی پیکج پر سندھ حکومت کو اعتماد میں نہیں لیا ، لگتا ہے وزیراعظم کے کراچی پیکج کا حال بھی ان کے ماضی کے اعلانات جیسا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ گھر دینے کے بجائے لوگوں کو بے گھر کیا گیا، ماضی میں عوام پر ٹیکسوں کے بوجھ کارونارو نے والے آج خود عوام پر ٹیکسوں کا بے جا بوجھ لاد رہے ہیں۔دریں اثناء کراچی سے وقائع نگار کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سنیٹر مولابخش چانڈیو نے گھوٹکی میںوزیراعظم کی تقریر پرردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ایک للکار عمران خان کو زمین پر لے آئی ہے،عمران خان نے 18ویں ترمیم اور این ایف سی کے خلاف زہر اگلا ہے۔ سندھ کی مسترد شدہ کٹھ پتلیوں کا اکٹھ گیا،جتنے رہنمااسٹیج پر تھے ان سب کی تو ایک عام جیالا ضمانتیں ضبط کروا سکتا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ عمران خان کی تقریر اٹھارویں ترمیم کے خلاف حکومتی اعلان ہے، حکومت اٹھارویں ترمیم کی مخالف ہے،پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم کا بھرپور دفاع کرے گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے حکومت اٹھارویں ترمیم کی مخالف ہے۔

مزیدخبریں