اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کرونا کے سدباب اور بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادریس، سیکرٹری ہوابازی ڈویژن حسن ناصر جامی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ایچ جنرل عامر اکرام، سی ای او شوکت خانم ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے بعد ازاں بتایا کہ کرونا وائرس کی بیرونی ممالک سے پاکستان ممکنہ آمد کے خطرے کو روکنے کیلئے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک سے آنے والی فلائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈان کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین فریڈرک مارکوم ہارنیس نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقاتکرونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ان سے کہا کہ کووڈ 19 دنیا بھر کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے لیکن پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو اس عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے میں شدید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی کی تیاری میں بھر پور معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ دریں اثناء وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیرخارجہ نے کرونا سے نمٹنے کیلئے سیکرٹری جنرل او آئی سی کے بیان کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے باعث ادویات ‘ خوراک کی قلت ہو گئی ہے۔ اسی لاکھ کشمیری مسلمان بھارتی ظلم سے نجات کیلئے بالخصوص مسلم امہ کی توجہ کے منتظر ہیں۔ وزیرخارجہ نے نمائندہ خصوصی پاکستان اور آزاد کشمیر بھجوانے پر سیکرٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کورونا وائرس کے حوالہ سے خصوصی فنڈ کے قیام اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، یہ فورس گھر گھر جا کر مستحقین کوکھانا فراہم کرے گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور استعداد کار کو پیش نظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو کورونا کے خلاف ضرورت مندوں کی مدد کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس بار انہیں ’’کورونا ٹائیگر فورس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔