کراچی: ایدھی اور چھیپا نے اپنی سروس بحال کردی

 شہر قائد میں کام کرنے والے دو بڑے فلاحی اداروں نے کورونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے غسل، کفن اور سرد خانے کھول دیے ہیں۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والوں کو بھی غسل دیا جائے گا جس کے لیے سرد خانوں اور غسل خانوں کو کھول دیا ہے۔فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والوں کے اہلخانہ کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا تو غسل دینے والے حفاظتی انتظامات کرلیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس والی میتوں کے غسل کے لیے عملے کو خاص ٹریننگ دی جارہی ہے جس کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔دوسری جانب رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ایمبولینس الگ کر رکھی ہے، چھیپا ایمبولینس میں کورونا ٹیم تشیل دی ہے اور اسٹاف کو الگ کیا ہے، ایمبولینس عملہ مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی میتوں کے غسل کے لیے سرد خانوں، غسل خانوں کو حفاظتی اقدامات کے بعد کھول رہے ہیں۔ چند روز قبل ایدھی اور چھیپا ویلفیئر نے اپنے تمام غسل و کفن اور سرد خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام انتظامات کو فوری روک دیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کے لیے ادارے پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ یہ قدم مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز میئر کراچی وسیم اختر کی زیر صدارت کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق اجلاس بھی ہوا تھا جس میں گورکنوں کو حفاظتی لباس دینے کا فیصلہ کیا گیا اور تدفین کے لیے 5 قبرستان مختص کیے گئے تھے۔کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہے  جب کہ ملک کی مجموعی تعداد 25 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 1800 سے تجاوز کرگئی ہے۔
 


 

ای پیپر دی نیشن