ہم عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں ، عمر ایوب خان

Mar 31, 2020

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹرسے)مرکزی تنظیم تاجران پنجاب کے صدر شرجیل میر اور مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی(رجسٹرڈ) کے چیئرمین شیخ محمد صدیق کی قیادت میں تاجروں کے نمائندہ وفد نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان سے ملاقات کی ،اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی (رجسٹرڈ) کے جنرل سیکرٹری طاہر تاج بھٹی بھی موجود تھے ،اس موقع پر شرجیل میر نے کہا ہے کہ ریلیف پیکج میں تاجروں بالخصوص چھوٹے کاروبار سے منسلک تاجروں کو لازمی شریک کیا جائے ،تاکہ وہ لاک ڈائون کی وجہ سے متاثر نہ ہوں ، راولپنڈی شہر سمیت صوبے کے دیگر شہریوں میں جہاںپرانی منڈیاں موجود ہیں وہاں آئیسکو انتظامیہ کی جانب سے پرانے ٹرانسفارمر اتارکرتاجروں کو اپنے فنڈنگز سے نئے ٹرانسفارمر لگانے کے لئے نوٹس جاری کیئے جارہے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ پرانی منڈیوں کے ٹرانسفارمرز کو نہ اتارا جائے البتہ جہاں جہاں نئے کمرشل پلازے تعمیر ہورہے جہاں نئی منڈیا ں تعمیر ہورہی ہیں وہاں پر تاجروں کی فنڈنگ سے ٹرانسفارمر لگانے کے منصوبے پر عمل درآمد کیا جائے ،اسی طرح قدیمی بازاروں میں بجلی کی بے ہنگم تاروںکو درست کیا جائے ، اور عملے کمی کو پورا کیا جاے ،جس پر وفاقی وزیربرائے توانائی عمر ایوب نے موقع پر ہی چیف آئیسکو کو فون کیا،اور انھیں جلد تاجروں کے مطالبات سننے کے لئے ایک اجلاس طلب کرنے کی ہدائت کی ،اور کہاہے کہ جن منڈیوں میں پرانے ٹرانسفامر اوور لوڈ ہوگئے ہیں ،اب وہاں نئے ٹرانسفارمر تاجروں کی فنڈنگ سے لگوائیں ، ہم عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں ہیں ،ہر سرکاری ادارے کی طرح آئیسکو میں بھی بہتری لائی جارہی ہے ،آنے والے وقت میں مثبت خبریں ملیں گی،جس پر تاجروں کے وفد نے انکا شکریہ اداکیاہے۔

مزیدخبریں