امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نےکورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر پور ے امریکہ کولاک ڈاؤن کرنے کاامکان مسترد کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پورے امریکہ کو لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، عوام کو گھربٹھانا اور اس پر عملدرآمد کروانا مشکل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی سطح پر لاک ڈاؤن کے اعلان پربحث کی لیکن اس کا نفاذ بہت مشکل ہو گا، ریاستوں کے گورنرزکو لاک ڈاؤن کے اعلان کا اختیار ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اگلے تیس دن اہم ہیں ،ہم میں سے ہر شخص کا کورونا وائرس کو روکنے میں کردار بہت اہم ہے۔ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار165ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعدادایک لاکھ64 ہزار سے تجاوز کرگئی ۔گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کی کورونا ٹاسک فورس کے اہم رکن اور متعدی امراض کے ماہر انتھونی فاؤچی نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ امریکا میں مہلک وائرس کا پھیلاؤمزید بڑھ سکتا ہے اور کئی ملین افراد وائرس میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔