این ڈی ایم اے نے کوروناٹیسٹنگ کٹس پرفوادچودھری کاخدشہ مسترد کردیا

Mar 31, 2020 | 15:46

ویب ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری کی غیر تصدیق شدہ کورونا ٹیسٹنگ کٹس سے متعلق خدشے کی تردید کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ‏صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹک کٹس کی بھرمار ہورہی ہے اس لئے ‏صوبائی حکومتیں اور این ڈی ایم اے صرف تصدیق شدہ کٹس ہی درآمد کریں۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان جب تک اپنی کٹس کی تصدیق نہیں کرتا، اس وقت تک صرف تصدیق شدہ کٹس ہی درآمد کی جائیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے نے وفاقی وزیر فواد چودھری کی ٹوئٹرپرغیر تصدیق شدہ ٹیسٹنگ کٹس کی وارننگ پر وضاحت دیتے ہوئےکہا ہے کہ کورونا وائرس کی تمام ٹیسٹ کٹس چین میں پاکستانی ایمبسی کے ذریعے آ رہی ہیں اوریہ کٹس چینی حکومت سے تصدیق شدہ ہیں ۔اس لئے غیر تصدیق شدہ کٹس کا کوئی احتمال نہیں ہے۔
خیال  رہے کہ چینی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ٹیسٹنگ کٹس، طبی آلات کی در آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ چینی ڈاکٹرز پر مشتمل ایک وفد بھی پاکستان میں ڈاکٹرز کو وائرس پر قابو پانے کے لیے رہنمائی فراہم کررہا ہے ۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اوراب تک  ملک میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کی تعداد 1700سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ 

مزیدخبریں