غربت کے خاتمے اورسماجی تحفظ کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاہے کہ حکومت کوروناوائرس سے در پیش مسئلے سے نمٹنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کی مدد کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اس مسئلے او ر اس کے نتیجے میں اقتصادی بحران سے نکل آئے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایک کروڑ بیس لاکھ مستحق خاندانوں کی مدد کیلئے احساس ہنگامی امدادی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔پہلے مرحلے میں اس پروگرام کیلئے ایک سو پچاس ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس کے تحت ہر خاندان کو بارہ ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو اس پروگرام کیلئے درخواست دینے اور بینکوں سے نقد رقم حاصل کرنے کیلئے آج یا کل ایک ایس ایم ایس کوڈ جاری کیا جائے گا۔ثانیہ نشتر نے امدادی پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن ڈونیشن کو آرڈی نیشن پلیٹ فارم کابھی اجرا کیا جارہا ہے جو اپنی ضرورت کیلئے غذائی اجناس کے عطیہ کے منتظر افراد سے رابطہ کرے گا۔