لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ گورنر سٹیٹ بنک کو عہدے سے ہٹایا جائے، اس کیخلاف تحریک چلائیں گے۔ یہ جوہری پاکستان کا گلا گھونٹنے اور مالی خود مختاری پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے علماء اکیڈمی میں خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی گو آئی ایم ایف تحریک چلائے گی اور قومی مجلس مشاورت منعقد کر ے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر متفقہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔ ممتاز عالم دین ، جمعیت اتحاد العلما ء کے سابق صدر مولانا گلزار احمد مظاہری مرحوم کی زندگانی، جیل کہانی پر ڈاکٹر حسین احمد پراچہ کی لکھی کتاب کی تقریب رونمائی علماء اکیڈمی منصورہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ مولاناگلزار احمد مظاہری مرحوم اتحاد امت کی علامت ، اسلامی نظام کے غلبے کے لیے مجاہدانہ عزم سے کام کرنے والے جید عالم دین تھے۔ تقریب سے نائب امراء جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ، فرید احمد پراچہ ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ،مولانا عبدالمالک، علامہ جواد نقوی ، عبدالرئوف فاروقی ، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی و دیگر بھی موجود تھے۔