انسداد کورونا کیلئے چین سے خریدی گئی سائینوفارم کی پانچ لاکھ ڈوزز کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہیں جبکہ مزید 5 لاکھ خوراکیں کل( جمعرات کو) پاکستان پہنچیں گی ۔نور خان ایئربیس اسلام آباد میں ویکسین وصول کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 'انسداد کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی جس میں سائنوفارم کی 5 لاکھ خوراکیں شامل ہیں، سائینوفارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں جمعرات بھی پاکستان پہنچیں گی، پاکستان میں ویکسی نیشن کا آغاز سائنوفارم سے کیا جبکہ ویکسی نیشن کی 8 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جاچکی ہیں'۔معاون خصوصی نے کہا کہ 'پہلے چین نے ویکسین عطیہ کی تھی اب چین سے یہ سائنوفارم کی 5 لاکھ خوراکیں ہیں اور جمعرا ت کو مزید پانچ لاکھ ڈوززپہنچ جائیں گی جو دو دنوں میں منگوائی جانے والی دس لاکھ خوراکیں ہوجائیں گی،مزید کئی لاکھ ڈوزز کے آرڈرز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جو اپریل مئی اور جون میں آئیں گی جیسے جیسے ویکسین آتی جائیں گی ہمارا ویکسی نیشن کا مرحلہ اور آگے بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر تیز ہوگئی ہے، ماسک کے استعمال، سماجی فاصلے اور ہجوم سے اجتناب سمیت وائرس سے بچا وکی ایک اسٹریٹیجی ویکسی نیشن ہے، 30 مارچ سے ہم نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے اور آہستہ آہستہ ان کا مرحلہ بھی آجائے گا'۔انہوں نے کہا کہ 'ویکسی نیشن کے مرحلے کو تیز کر رہے ہیں اور اسے ایسے مرحلے تک لے کر جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو ویکسین لگ چکی ہو تاکہ بیماری کے پھیلا ومیں اہم رکاوٹ پیدا کی جاسکے'۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں پھر سے اپنے چینی دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے چند ماہ قبل ویکسین نیشن کے آغاز کو ممکن بنایا، وہ آج بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور لگاتار ویکسین کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں'۔معاون خصوصی نے کہا کہ 8 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراک دی جاچکی ہیں، پاکستان میں ویکسینیشن کا آغاز سائنو فارم سے کیا۔